کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ حفاظتی انتظامات کو مد نظر رکھتے ہوئے امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس کو نو پارکنگ زون قرار دیا جائے ،تجاوزات اور رکاوٹو ں کے خاتمے کے ساتھ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے منتظمین سے باہمی مشاورت کے ساتھ انتظامات کی انجام دہی کو یقینی بنا ئی جائے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون کے تحت عشرہ محرم الحرام کے دوران عزاداران حسین کو بروقت سہولیات کی فراہمی کے لئے قائم مرکزی کنٹرول روم اور شاہ فیصل کالونی کے مختلف امام بارگاہوں کا تفصیلی دورہ کرکے بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مرکزی کنٹرول روم میں امام بارگاہوں اور جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کرتے ہوئے کہاکہ عشرہ محرم الحرام کے دوران عزادروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے قائد تحریک محترم الطاف حسین بھائی کی خصوصی ہدایت پر حق پرست اراکین اور کارکنان مصروف عمل ہیں اور انشا اللہ باہمی تعاون کے ذریعے محرم الحرام کے دوران مسائل سے پاک معاشرے کے قیام کے ساتھ امن کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر کے لوگ فرقہ ورانہ ہم آہنگی اتحاد و یکجہتی کو پروان چڑھائیںاس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے کہاکہ بلدیہ کورنگی کے تحت تمام زونز میں امام بارگاہوں اور جلوسوں کے منتظمین علماء و ذاکرین اور علاقہ معززین کی باہمی مشاورت کے ساتھ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جارہا ہے اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور میمن نے کہاکہ ضلع کورنگی کے تمام زونز میں محرم کے دوران عزاداروں کو بلدیاتی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کے کنٹرول روم کے ذریعے بروقت سہولت کی فراہمی کو یقینی بنا یا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ جلوسوں کے روٹس سے تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
