
پاکستان (جیوڈٰسک)مسلم لیگ ن کے سربراہ محمد نواز شریف کہتے ہیں پاکستان کے عوام خدمت کرنے والوں اور کرپشن کرنے والوں کوجان چکے ہیں۔ مسلم لیگ کیمرکزی سیکرٹریٹ میں اوکاڑہ اور پاکپتن کی ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام کرپشن اور بیڈ گورننس کرنے والوں کو مسترد کر دیں گے ۔عوام کے مسائل اور مشکلات سے واقف ہیں، موقع ملا تو عوام کے مسائل کے حل کے لیے دن رات ایک کردیں گے۔
انہوں نے کہا پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانا اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ان کا مشن ہے اورایک خوشحال، خوددار اور خود مختار پاکستان ان کا خواب اور مسلم لیگ ن کا ایجنڈا ہے۔ عوام مسلم لیگ ن کو اس کے ماضی، حالیہ کارکردگی اور گڈگورننس کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ کیے بغیر ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
