
اسلام آباد (جیوڈیسک) خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی، آج کی سماعت کا حکم نامہ 3 بجے دن جاری کیا جائے گا۔
جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کا تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ سابق صدر کے وکیل انور منصور ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ انہیں انٹراکورٹ اپیل کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچنا ہے۔ جس پر عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
آج سماعت کے دوران پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ملزم کو چھ مرتبہ طلب کیا، وہ نہیں آئے، یہ توہین عدالت ہے، ملزم خواہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، عدالتیں انتظار نہیں کیا کرتیں، مصر میں حسنی مبارک کو اسٹریچر پر عدالت لایا گیا۔
انہوں نے کہ پرویز مشرف عدالتی احکامات کے باجود پیش نہیں ہوئے،عدالت نے انہیں 13، 24 دسمبر، یکم، دو، تین اور 9 جنوری کو طلب کیا، چھ مرتبہ طلبی کے باوجود ملزم پیش نہیں ہوئے، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، عدالت کے سامنے سرنڈر نہ کرنے والا اپنا موقف بیان کرنے کا حق بھی کھو دیتا ہے۔
