
اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف نے استعفوں کی تصدیق کے لئے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سربراہی میں کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ استعفوں کی تصدیق کے لئے پارٹی ارکان 29 اکتوبر کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے سامنے پیش ہوں گے۔
اجلاس کے دوران عمران خان نے پارٹی کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس 28 اکتوبر کو طلب کر لیا ہے جس میں اس بات پر غور ہوگا کہ اسپیکر کی جانب سے ان کے استعفے کیوں منظور نہیں کئے جا رہے جبکہ استعفے جمع نہ کرانے والے ارکان کے خلاف بھی کارروائی کئے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے تحریک انصاف کو حتمی نوٹس جاری کیا گیا تھا جس میں ہدایت کی گئی تھی کہ ہر رکن اسپیکر کے سامنے اکیلے اکیلے پیش ہوکر استعفوں کی تصدیق کریں۔
