
وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) کرایہ داری ایکٹ اور سیکیورٹی کے نام پر غریبوں کی شامت بااثر ریلوے مافیا نے سرکاری کالونی میں قائم کوارٹروں کو ذاتی پراپرٹی سمجھ کر غیر متعلقہ افراد کو کرایوں پر دے رکھا ہے، کرایہ داروں کا کوئی ریکارڈ نہ ہونے سے شہر میں تخریب کاری کا خدشہ،، میرا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا اوپر تک مال جاتا ہے صحافیوں کو میں خود دیکھ لوں گاموقف جاننے کیلئے جانے والے صحافیوں کیسا تھ صورتحال کے ذمہ دار آئی او ڈبلیو محمد ارشد کی بدتمیزی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری دہشت گردانہ سرگرمیوں کے تدارک کیلئے حکومت پاکستان نے سیکیورٹی معاملات میں غفلت برتنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کا عندیہ دے رکھا ہے سیکیورٹی کے نام پر قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں نظر آتے ہیں اور مقامی تھانوں کی طرف سے مختلف علاقوں میں کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کیخلاف مقدمات کا اندراج بھی کیا جارہا ہے مگر اس سلسلہ میں کمزور اور طاقتور کی تفریق کا معاملہ حکومتی کارکردگی میں بڑی رکاوٹ ہے۔
ریلوے کالونی میں جہاں چند افسران عملہ کی ملی بھگت سے ریلوے کوارٹروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں وہاں سرکاری پراپرٹی کو کرایہ پر فروخت کرکے دونوں ہاتھوں مال اکٹھا کیا جارہا ہے ۔ ریلوے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے ان ملازمین کو بھی ریلوے کوارٹر الاٹ کئے گئے ہیںجواپنے خاندان والوں کیساتھ اپنی ذاتی رہائشگاہوں میں قیام پذیر ہیںاور سرکاری طور پر الاٹ شدہ کوارٹروں کو غیر متعلقہ افراد کے سپرد کرکے ان سے بھاری کرایہ وصول کیا جارہا ہے ریلوے کوارٹروں سے قیمتی میٹریل دن بدن غائب ہورہا ہیجبکہ ریلوے کی بجلی چوری کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں ۔ غیر متعلقہ افراد کو سونپے گئے ان کوارٹروںمیں اجنبی اور مشکوک افراد کی آمدورفت کا کسی کے پاس کوئی بھی ریکارڈ موجود نہیں، معلوم ہوا ہے کہ بعض یونین والے بھی اس دھندہ میں ملوث ہیں ۔ اس سلسلہ میں جب ریلوے افسران کا موقف جاننے کیلئے صحافیوں کی ٹیم کالونی میں پہنچی تو وہاں موجود آئی او ڈبلیو محمد ارشدنے برملا اس بات کا اظہار کیا کہ اس نے ریلوے کوارٹر غیر متعلقہ افراد کو دے رکھے ہیں کوئی اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔
صحافیوں کو بلیک میلر اور دیگر ہتک آمیز الفاظ سے نوازتے ہوئے برے نتائج کی دھمکیاں بھی دیں اور کہا کہ وہ ان شہریوں سے بھی نبٹ لے گا جنہوں نے انہیں اس صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔اس سلسلہ میں مقامی ریلوے تھانہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ ریلوے کالونی میں ہونے والے اس غیرقانونی دھندہ میں کوئی کاروائی نہیں کرسکتے ْ۔عوامی،سماجی حلقوں نے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف، وزیر ریلوے ، وزیر داخلہ اور دیگر ارباب اختیار و اقتدار سے صورتحال کا فوری نوٹس لیکر ریلوے کو نقصان پہنچانے والے اور سیکیورٹی رسک کا باعث بننے والے آئی اوڈبلیو اور دیگر ذمہ داروں کیخلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
