
وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) سکول کے سامنے گاڑیوں کی پارکنگ بڑا سیکیورٹی رسک بن گئی، کم سن طلباء اوراساتذہ خوف کے عا لم میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے پر مجبور ، پولیس اور متعلقہ انتظامیہ سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ۔
جی ٹی روڈ نظام آباد کی مغربی سائیڈ پر قائم گورنمنٹ پرائمری سکول کی عمارت کے سامنے گاڑیوں کا غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ بنا ہوا ہے جہاں ڈینٹنگ پینٹنگ کا کاروبار کرنے والے افراد گاڑیوں کی پارکنگ کروادیتے ہیں جبکہ اکثر اوقات اجنبی افراد بھی اسی آڑ میں سکول کے سامنے اپنی گاڑیاں پارک کرجاتے ہیں۔ شہریوں کی طرف سے صورتحال کے نوٹس لینے کے مطالبہ کے باوجود غیرقانونی پارکنگ اسٹینڈ کیخلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں آسکی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کے بچے متذکرہ سکول میں زیر تعلیم ہیں ،سکول کے سامنے گاڑیوں کی پارکنگ کی وجہ سے دہشت گردوں کو سازگار ماحول میسر آسکتا ہے جبکہ سکول پڑھنے والے طلباء اور ان کے اساتذہ بھی خوف کے عالم میں رہتے ہیں۔ شہریوں نے پولیس اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سکول کے سامنے سے غیرقانونی پارکنگ اسٹینڈز کو ختم کرواکے کاروباری افراد کو گاڑیاں کسی اور جگہ پارک کروانے کا پابند بنایا جائے۔
