
اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ میں متحدہ اپوزیشن نے اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کے خلاف واک آوٹ کیا، رضا ربانی کہتے ہیں کیا اسلام آباد کے حالات فاٹا سے زیادہ خراب ہیں۔
سینیٹ کے اجلاس میں اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے نفاذ پر بحث ہوئی، پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہئے، پاکستان میں آرٹیکل 245 کی بھیانک تاریخ موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج کو آرٹیکل 131 کے تحت بھی بلایا جا سکتا تھا۔ اس سے بنیادی حقوق معطل نہ ہوتے، رضا ربانی نے کہا کہ پی پی اے اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کو ایک طرف رکھ کر 245 کا نفاذ کر دیا گیا۔
سرحدی امور کے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد میں سفارتخانوں سمیت اہم عمارتیں ہیں، اجازت نہیں دے سکتے کہ لوگ پارلیمنٹ، وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر پر قبضہ کر لیں۔
انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ فوج کسی جلسے جلوس کو منتشر نہیں کرے گی۔ متحدہ قومی موومنٹ سمیت متحدہ اپوزیشن نے آرٹیکل 245 کے نفاذ کے خلاف ایوان سے واک آوٹ کیا جس کے بعد سینیٹ کا اجلاس پیر کی شام چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
