
واشنگٹن (جیوڈیسک) شدید برفانی طوفان کے باعث امریکا کی مغربی اور وسطی ریاستوں میں زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں، سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ہفتے سے شروع ہونے والی برف باری کی وجہ سے شمالی ٹیکساس اور آرکنساس میں سڑکیں برف سے ڈھک گئی ہیں، چند ایک مقامات پر حادثات بھی ہوئے ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ شدید برف باری کی وجہ سے چار سو پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ٹیکساس اور آرکنساس میں برف باری سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ لاکھوں گھروں کی بجلی معطل ہے جسے بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ کیلی فورنیا میں بھی 2 سے چار انچ برف پڑ چکی ہے۔ اور شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
امریکی محکمہ موسمیات نے جنوب اور وسطی ریاستوں میں ژالہ باری، برف باری اور بارش کی پیش گوئی اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
