
جنیوا (جیوڈیسک) سوئس عوام کی جانب سے یورپی ممالک سے امیگریشن محدود کرنے کے حق میں فیصلے کے بعد یورپی یونین نے سوئٹزرلینڈ سے اپنے تعلقات پر نظرِ ثانی کا اعلان کر دیا ہے۔ سوئٹزرلینڈ میں یورپی ممالک سے امیگریشن محدود کرنے کے لئے ریفرنڈم کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریفرنڈم میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا اور تجویز کے حق میں 50.03 اور مخالفت میں 49.07 فیصد ووٹ پڑے۔
نتائج کے مطابق ملک کے دیہی علاقوں کے لوگ امیگریشن محدود کرنے کے حامی اور شہری مخالف نظر آئے اور ریفرینڈم کے بعد اب سوئٹزرلینڈ اور یورپی یونین کا آزادانہ نقل و حمل کا معاہدہ منسوخ ہو گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس معاملے پر ووٹنگ سے ملک کی روایتی تقسیم واضح ہوئی ہے اور جہاں فرانسیسی بولنے والے علاقے کوٹہ دینے کے خلاف ہیں وہیں اطالوی بولنے والے علاقے اس کے حق میں اور جرمن بولنے والے علاقے منقسم ہیں۔
سوئٹزرلینڈ یورپی یونین کا رکن نہیں ہے لیکن اس نے یورپی یونین کی پالیسی کو بہت حد تک اپنا رکھا ہے۔ یورپی یونین کا کہنا ہے کہ اسے ریفرنڈم کے نتائج پر افسوس ہے اور وہ اس کے اثرات کا جائزہ لے گی۔ سوئس وزیرِ خارجہ دیدیئر برخالتر کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی یورپی ممالک کا دورہ کریں گے اور صورتحال کا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔
یورپی یونین کے مطابق اس کا ردعمل اس بات پر منحصر ہوگا کہ سوئس حکومت اس معاملے پر کیسی قانون سازی کرتی ہے۔ خیال رہے کہ اس ریفرنڈم کے نتائج کا اثر سوئٹزرلینڈ کے یورپی یونین سے کیے گئے کئی اہم معاہدوں پر پڑ سکتا ہے جس میں سوئس اشیا کی یورپی مارکیٹ تک رسائی بھی ہے۔
سوئٹزرلینڈ کی برآمدات میں سے نصف سے زیادہ یورپی مارکیٹ میں ہی فروخت ہوتی ہیں۔ فی الحال سوئس معیشت ترقی کر رہی ہے اور ملک میں بیروزگاری بہت کم ہے لیکن سوئس عوام کا ایک طبقہ سمجھتا ہے کہ یورپی ممالک سے لوگوں کی آمد یہ صورتحال تبدیل کر سکتی ہے۔
اس وقت سوئٹزرلینڈ کی 80 لاکھ کی آبادی میں سے تقریباً 25 فیصد غیر ملکی ہے اور گزشتہ برس 80 ہزار نئے تارکینِ وطن سوئٹزرلینڈ پہنچے تھے۔ 2007 سے یورپی ممالک کی آبادی کو سوئٹزرلینڈ میں روزگار کی تلاش کے لیے سوئس شہریوں جتنے مواقع ہی میسر ہیں لیکن دائیں بازو کے خیالات والی سوئس پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ یہ صورتحال تبدیل ہو اور وہ اس فیصلے کو ایک بڑی غلطی قرار دیتی ہے۔
