
ساوتھیمپٹن (جیوڈیسک) بھارت نے 8 وکٹوں پر 323 رنز کے ساتھ چوتھے روز اپنی نا مکمل اننگز شروع کی توصرف 7رنز کے اضافے کے ساتھ ان کی اننگز سمٹ گئی۔
کپتان دھونی اپنے سکور میں بغیر کوئی اضافہ کئے 50 پر ہی وکٹ کیپر بٹلر کے ہاتھوں اینڈرسن کی گیند پر آوٹ ہو گئے ، جب کہ شامی کو بھی اسی انداز میں اسی جوڑی نے آوٹ کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن نے پانچ ، براڈ نے تین اور معین علی نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اس طرح انگلینڈ بھارت پر پہلی اننگز میں 239 رنز کی سبقت حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
میزبان ٹیم نے بھارت کو فالو آن کرنے کے بجائے اپنی دوسری اننگز کھیلتے ہوئے چار وکٹوں پر205 رنز بنا کر اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا ، اور بھارت کو فتح کے لئے 445 رنز کا ٹارگٹ دیا۔
دوسری اننگز میں کپتان کک نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 70 ناٹ آوٹ بنائے ، جب کہ روٹ نے شاندار56 رنز بنانے کے ساتھ بھارت کی ایک وکٹ بھی چٹخائی۔ بیلانس نے 38اور بیل نے 23سکور کیا۔ بھارت کی طرف سے جاڈیجہ نے تین اور کمار نے ایک وکٹ لی۔
دوسری اننگز میں بھارت کی وکٹیں وقفوں کے ساتھ گرتی رہیں اور مرلی وجے 12 شیکھر دھون 37 پجارا 2 اور ویرات کوہلی 28 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔
دھون کی وکٹ روٹ نے حاصل کی جب کہ مرلی رن آوٹ ہوئے، اور باقی کے دو وکٹ معین کے حصے میں آئے۔ آج اگر موسم سازگار رہا توانگلینڈ کے لئے سیریز ایک ایک میچ سے برابر کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہو گی۔
