
اسلام آباد (جیوڈیسک) خصوصی عدالت نے غداری کیس میں پرویز مشرف کو آج حاضری سے استثنا دیتے ہوئے سماعت کل تک کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں پرویز مشرف غداری کیس میں خصوصی عدالت نے اس حوالے سے باقاعدہ فیصلہ میں کہا ہے کہ پرویز مشرف کو آج حاضری سے استثنا دیا جاتا ہے، عدالت نے اے ایف آئی سی سے میڈیکل سرٹیفکیٹ طلب کر لیا ہے۔
اس سے قبل خصوصی عدالت میں غداری کیس کی سماعت ہوئی، پرویز مشرف آج بھی پیش نہ ہوئے، انور منصور ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کریمنل اسپیشل ایکٹ میں پرویز مشرف کی گرفتاری کی کوئی گنجائش موجود نہیں، مشرف کے وکلا نے دلائل کا آغاز کرنے کی کوشش تو عدالت نے کہا کہ پہلے مشرف کے بارے میں بتائیں۔
انور منصور نے کہا کہ ان کی درخواستوں پر دلائل باقی ہیں پہلے وہ سنے جائیں، عدالت نے دوبارہ پوچھا کہ واضح بتائیں کہ پرویز مشرف پیش ہوں گے یا نہیں، انور منصور نے کہا کہ وہ آج نہیں آ رہے، ان کی مشرف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے، شریف الدین پیرزادہ نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ پرویز مشرف اسپتال میں ہیں اور ان کا علاج ہو رہا ہے۔
انور منصور نے دلائل دیئے کہ کریمنل اسپیشل ایکٹ میں درج کارروائی کے طریقے کار کے مطابق اس قانون میں گرفتاری کی کوئی گنجائش نہیں، گرفتاری ضابطہ فوجداری کے تحت ہوتی ہے، انور منصور کے دلائل مکمل ہونے پر پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے دلائل کا آغاز کیا، مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے مداخلت کی جس پر عدالت نے انہیں ڈانٹ کر بٹھا دیا۔
