
استنبول (جیوڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے صددر رجب طیب ایردوآن نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ صرف ایک دو نہیں بلکہ زیادہ بچے پیدا کریں اور ایک جوڑے کے تین بچے تو ضرور ہونے چاہئیں۔
ترکی کی کاروباری شخصیت مصطفیٰ کفیلی کے بیٹے کی شادی کے موقع پر تقریب میں انھوں نے نوبیاہتا جوڑے کو مخاطب کرکے کہا کہ برتھ کنٹرول ترکی کی نوجوان نسل کی تعداد کو بڑھانے کی خواہش کے منافی ہے۔ انھوں نے کہا ایک یا دوبچے کافی نہیں ہیں۔ ہماری قوم کو مضبوط بنانے کے لئے ہمیں مزید نوجوان نسل کی ضرورت ہے اور ہمیں ترکی کو جدید تہذیب کی سطح سے بلند کرنے کے لئے بھی یہ نوجوان نسل درکار ہے۔
انھوں نے اپنی تقریر میں مزید کہا کہ ایک بچے کا مطلب تنہائی ہے، دو کا مطلب مخاصمت اور تین کا توازن ہے، چار کا مطلب کافی ہے اور اللہ باقی کی حفاظت فرمائے۔ ترک صدر نے کہا کہ اس ملک میں مخالفین برسوں سے برتھ کنٹرول کی غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں اور ہماری نسل کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے اپنی تقریر میں شادی کے حسن وقبح پر بھی روشنی ڈالی ہے اور کہا کہ شادی ایک طویل سفر ہے۔ اس میں اچھے اور برے دن دونوں آتے ہیں۔ اچھے دن تو آتے ہی رہتے ہیں اور اگر صبر کا مظاہرہ کیا جائے تو پھر برے دن بھی بالآخر خوشی کا سبب بن جاتے ہیں۔
