
قاہرہ مصری فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح السیسی نے عوام کو پھر پرامن رہنے کی ہدا یت کر دی، عبوری وزیر اعظم سابق حکمران جماعت کے ارکان کو کابینہ میں شمولیت کی دعوت دیں گے،امریکا نے مصر میں تبدیلی کی حمائت کر دی ہے۔
فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح کا پیغام سرکاری ٹی وی پر پڑھا گیا۔انکا کہنا ہے ملک کا مستقبل سب سے زیادہ اہم ہے، قوم کے سامنے راستہ واضح ہے۔انتقال اقتدار میں کسی کو رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مصری عوام بھی اس مشکل وقت میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔ادھر سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق عبوری وزیراعظم حزیم البیبلوی نے اپنی کابینہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو شا مل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وہ معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں کو بھی کابینہ میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب اخوان المسلمون نے نئی تقرریاں اور انتخابی پروگرام شیڈول مسترد کرتے ہوئے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ سیکورٹی فورسز نے معزول صدر کے سیکڑوں حامیوں کو گرفتار کر لیا ہے،ان میں شامی اور فلسطینی بھی شامل ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ نے مصر میں تبدیلی کی حمائت کر دی ہے، ترجمان جین سیکی نے واشنگٹن میں میڈیا کو بتایا کہ امریکا مصر کے جمہوریت کی جانب سفر کی حمائت کرتا ہے،ہمیں معلوم ہے اس میں وقت لگے گا۔
