
واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے شام کے صدر بشارالاسد کا کیمیائی ہتھیار استعمال نہ کرنے کا دعوی مسترد کردیا ہے۔ شام کے خلاف فوجی کارروائی پر بحث کے لیے امریکی کانگریس کا اجلاس آج ہوگا۔ لندن میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کے بعد ایک سوال کے جواب میں جان کیری کا کہنا تھا کہ صدر بشارالاسد کا یہ دعوی بے بنیاد ہے کہ شام میں کیمیائی ہتھیار استعمال نہیں کیے گئے۔
جان کیری نے کہا کہ کیمیائی اسلحے کے استعمال کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ دوسری جانب شام کے خلاف فوجی حملے کی قرارداد پر آج امریکی کانگریس کے اجلاس میں بحث کی جائے گی۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اوباما انتظامیہ کو قرارداد کی منظوری میں کسی حد تک دشواری ہو سکتی ہے تاہم امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور حملے کی قرراداد کی منظوری دے چکی ہے۔
