
امریکی (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ تین روزہ دورے پر آج قطر پہنچ رہے ہیں تاہم وہ امن مذاکرات کے سلسلے میں طالبان سے ملاقات نہیں کریں گے۔ قطر میں طالبان اور امریکا کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ہوگئے ہیں۔تعطل افغان صدر حامد کرزئی کے اعتراض کے بعد پیدا ہوا جو انہوں نے طالبان کے دفتر پر جھنڈا اور امارات اسلامیہ افغانستان کے نام کی تختی لگانے پر کیا تھا۔
افغان صدر کے اعتراض پر امریکا نے وضا حت کی قطر میں طالبان کا دفتر سفارت خانہ نہیں اور نہ ہی افغان طالبان خود مختار ہیں۔ ۔قطر نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے متنازعہ تختی کو ہٹا دیا۔ امریکی محکمہ خا رجہ کی ترجمان جین ساکی نے میڈیا بریفنگ میں کہاطالبان سے مذاکرات شروع نہیں ہو ئے لیکن جب ہوں گے تو قیدیوں کے تبادلے سمیت کئی امور پر گفتگو ہوگی۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری آج قطر پہنچیں گے تاہم وہ طالبان سے ملاقات نہیں کریں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا افغان طالبان سے مذاکرات کی قیادت پاکستان اور افغانستان کے خصوصی نمائندے جیمز ڈوبنز کریں گے ۔ دوسری جانب افغان صدارتی ترجمان کا کہنا ہے کہ اگرامریکا نے کرزئی کیری بات چیت میں کئے گئے وعدے پورے کردئیے توافغان طالبان کے ساتھ مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ افغان حکومت کی حمایت کے لیے امریکا باضابطہ خط جاری کریگا۔
