
امریکا(جیوڈیسک) کی کئی ریاستوں میں برفانی طوفان نے تباہی مچا دی۔ تعلیمی ادارے بند کر دئیے گئے، سڑکوں اور گھروں پر برف کی موٹی تہیں جم گئیں۔برفباری سے ہونے والے حادثات میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکی ریاستیں اوکلاہوما کنساس، ٹیکساس نیومیکسیکو، میسوری اور مشی گن شدید برف باری کی لپیٹ میں ہیں۔ اوکلاہوما اور کنساس کے کئی شہروں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ طوفان کی وجہ سے سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں جبکہ کئی بڑے شہروں میں درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
گھروں اور سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے لیکن مسلسل گرنے والی برف کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ برف کی موٹی تہوں نے ٹریفک معطل کردیا ہے اورمتعدد گاڑیاں برف میں دب گئیں ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ کئی دنوں تک تیز ہواوں کے ساتھ برف باری جاری رہے گی۔ دوسری جانب آسٹریلیا میں سیلاب سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے۔گھر اور مکانات زیر آب آگئے اور معمول کی زندگی مفلوج ہو گئی۔ سیلاب میں گھرے افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا کام جاری ہے۔
