
کہاں آنسوئوں کی یہ سوغات ہو گی
نئے لوگ ہوں گے نئی بات ہو گی
میں ہر حال میں مسکراتا رہوں گا
تمہاری محبت اگر ساتھ ہو گی
چراغوں کو آنکھوں میں محفوظ رکھنا
بڑی دور تک رات ہی رات ہو گی
پریشاں ہو تم بھی پریشاں ہیں ہم بھی
چلو میکدے میں وہیں بات ہو گی
چراغوں کی لو سے ستاروں کی ضو تک
تمہیں میں ملوں گا جہاں رات ہو گی
جہاں وادیوں میں نئے پھول آئے
ہماری تمہاری ملاقات ہو گی
مسافر ہیں ہم بھی مسافر ہو تم بھی
کسی موڑ پر پھر ملاقات ہو گی
بشیر بدر
