کراچی : ڈاکٹر محمد علی شاہ فٹ بال اسٹیڈیم لانڈھی میں جاری آل کراچی جشن کورنگی فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل شہر کراچی کی دو معروف فٹ بال ٹیموں ہزارہ محمڈن اور کراچی ککرز کے مابین کھیلا گیا جسے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہزارہ محمڈن کی ٹیم نے پنالٹی ککس پر کراچی ککرز کو 5-4سے شکست دیکر آل کراچی جشن کورنگی فٹ بال ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا ۔فائنل میچ میں کھیل کے دوران دونوں ٹیموں نے شاندار اور دلچسپ کھیل کا مظاہرہ کیا جسے اسٹیڈیم میں موجود شائقین فٹ بال نے سراہا اور شاندار کھیل پر بھر پور داد دی۔
فائنل میچ کے اختتام پر تقسیم انعامات و اسناد کی شایان شان تقریب کا اہتمام کیا گیا تقریب کے مہمان خصوصی حق پرست رکن صوبائی اسمبلی خالد احمد تھے جبکہ دیگر مہمانان میں ڈی آئی جی ٹریفک اظہر رشید ،وازیر اعلیٰ سندھ کے مشیر عبدالجبار ،نائب صدر سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن محمد اعظم خان ڈسٹرکٹ ایسٹ کے نائب صدر عبدالعزیز ،محمد رحیم ،کراچی ککرز کے روح رواں قمر یار خان ،چیئر مین کورنگی محمڈن ڈاکٹر محمد شریف سرپرست اعلیٰ ہزارہ محمڈن حاجی محمد سلیم ٹورنامنٹ میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل کے علاوہ فٹ بال اور سیاست سے وابستہ اہم شخصیات بھی موجود تھیں تقریب میں مہمان خصوصی حق پرست رکن صوبائی اسمبلی خالد احمد اور ڈی آئی جی ٹریفک اظہر رشید نے دیگر مہمانان کے ہمراہ فائنل کی فاتح ہزارہ محمڈن کے کپتان کو وننگ ٹرافی اور کراچی ککرز کے کپتان کو رنر ٹرافی پیش کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی خالد احمد نے کہاکہ فٹ بال کا کھیل غریبوں کا کھیل اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعہ ہے انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک اظہر رشید نے کہاکہ کھیل صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ امن و محبت کے فروغ کا بھی ذریعے ہے تقریب کے اختتام میں ٹورنامنٹ کمیٹی اور ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعاما ت و اسناد بھی تقسیم کئے گئے۔
