
ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کی معروف اداکارہ ودیا بالن آج اپنی 36 ویں سالگرہ منارہی ہیں۔ او لالا گرل ودیا بالن 1 جنوری 1978 کو بھارتی ریاست کیرالا میں پیدا ہوئیں۔
انہوں نے فلمی کیریئر کا آغاز بنگالی فلم بھالو تھیکو سے کیا جبکہ بالی ووڈ میں انہوں نے اپنا ڈیبیو 2005 میں فلم پری نیتا کے ذریعے کیا۔ اس کے بعد ودیا بالن نے ہے بے بی، سلامِ عشق، گرو، بھول بھلیاں، اِکلویا، لگے رہو منا بھائی اور کہانی جیسی کامیاب فلموں میں اہم کردار نبھاتے ہوئے کئی ایوارڈ سمیٹے۔
14 دسمبر 2012ء کو ودیا بالن نے اپنی زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کیا اور اپنے قریبی دوست کے ساتھ ازدواجی بندھن میں منسلک ہو گئیں۔ سال 2013 میں ودیا کی کوئی فلم خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکی تاہم اس سال ان کی کئی فلمیں ریلیز ہوں گی جن سے ودیا کو بہت توقعات ہیں۔
