
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ مہذب اور جمہوری معاشرے میں شہریوں کو گرفتار کر کے لاپتہ کر دینا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ لاپتہ افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان میں ماورائے آئین اقدامات کر کے شہریوں کو گرفتار کرنا، انہیں عدالت میں پیش نہ کرنا، لاپتہ کردینا اور پھر لاپتہ افراد کی لاشوں کا ملنا انسانیت اور جمہوریت پسند عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لاپتہ افراد کے اہل خانہ جس ذہنی کرب اور اذیت سے گزررہے ہیں ایم کیوایم، اس کرب اور اذیت کو بخوبی محسوس کرسکتی ہے کیونکہ ایم کیو ایم کے 28 کارکنان کو مختلف ادوار حکومت میں ان کے اہل خانہ کے سامنے گرفتار کر کے لاپتہ کر دیا گیا اور ان کے بارے میں آج تک نہیں بتایا جارہا ہے کہ وہ زندہ بھی ہیں یا نہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور مظلوموں کو انصاف فراہم کیا جائے۔
