
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم کے کارکنوں کے گھروں پر پولیس اور رینجرز کے چھاپوں اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ کے خلاف غیر اعلانیہ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے جاری ہونے والے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ بلدیہ ٹاون، آگرہ تاج کالونی، ماڑی پور، گڈاپ اور دیگر مضافاتی علاقوں میں پیپلز امن کمیٹی کے دہشت گرد کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں اور کارکنوں کے گھروں پر حملے کررہے ہیں۔
ان علاقوں کی ایجنسیوں کے بعض افسران جرائم پیشہ عناصر کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ جو قاتلوں کو گرفتار کرنے کے بجائے الٹا متحدہ کے بے گناہ کارکنوں کے گھروں پرچھاپے مار رہے ہیں۔ اور کارکنوں کو لاپتہ کیا جارہا ہے۔
رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کروڑوں عوام کی نمائندہ جماعت کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا جمہوریت کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں کراچی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور ان کے خلاف آواز احتجاج بلندکریں۔
