
برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضاسیدنے کہاہے کہ ہم مقبوضہ کشمیرمیں بے گناہ لوگوں خصوصاً کم سن کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل عام کو یورپ میں اٹھائیں گے۔
ہم باقاعدہ ایک مہم کے ذریعے بھارت کے وحشیانہ تشدد کو یورپین فورمز پر بے نقاب کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ عالمی برادری کو چاہیے کہ مقبوضہ کشمیرکی گھمبیر صورتحال کا نوٹس لے اور وہاں جاری بے گناہ نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل عام کو روکے۔ یہاں برسلزمیں دوسری بین الاقوامی سالانہ خواتین کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے اعلان کیاکہ کشمیرکونسل ای یو مقبوضہ کشمیرمیں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام اور ان پر تشدد کے واقعات کو یورپ میں اٹھائے گی۔
بلجیم کے درالحکومت برسلز میں کشمیرپر دوسری سالانہ بین الاقوامی خواتین کانفرنس اکیس اپریل بروز منگل یورپی پارلیمنٹ کی عمارت میں منعقد ہوگی۔ اس ایک روزہ کانفرنس کا انعقادکشمیرکونسل ای یو اور انٹرنیشنل کونسل فار ہیومن ڈی ولپمنٹ (آئی سی ایچ ڈی) کررہی ہیں۔ اس کانفرنس کی میزبانی رکن ای یوپارلیمنٹ(ایم ای پی) ڈاکٹر سجاد کریم کررہے ہیں او ر اس کے انعقاد کے سلسلے میں منتظمین کو راجہ افضل خان اور دیگر ایم ای پیزکا تعاون بھی حاصل ہے۔بقول علی رضا سید، کشمیر کی موجودہ صورتحال اس کانفرنس کے دوران زیربحث رہے گی اورتحریک آزادی کشمیرمیں خواتین اور بچوں کے کردارپر بھی روشنی ڈالے جائے گی۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ ہم مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کو روکنے اور مسئلہ کشمیرکو نئے اندازمیں اجاگرکرنے کے لیے نیا لائحہ عمل مرتب کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بھارت تشدداور دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کو دبا نہیں سکتا۔ بھارتی مظالم ہمیشہ یادرکھے جائیں گے اور بھارت کو ان مظالم کی بھاری قیمت ادا کرنا ہوگا۔ جس طرح نازیوں کو اپنے مظالم کی وجہ سے انصاف کے کٹہرے کاسامناکرناپڑا، اس طرح بھارت کو بھی مقبوضہ کشمیرمیں مظلوم کشمیریوں پر مظالم کا حساب دیناہوگا۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مقبوضہ کشمیرمیں احتجاجی جلوسوں پر تشدد اور کشمیری رہنماؤوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی بھی مذمت کی۔انھوں نے کہاکہ انتہائی افسوس ہے کہ دنیا کے بین الاقوامی قوانین کے مطابق، احتجاج کرنے کی آزادی انسان کا بنیادی اور جمہوری حق ہے لیکن اس حق کی پاداش میں آج ہفتے کے روزبڈگام کے علاقے ناربل میں ایک پندرہ سال کم سن کشمیری نوجوان سہیل صوفی احتجاجی مظاہرے کے دوران بھارتی فورسز نے فائرنگ کرکے شہید کردیا اور اس سے چند دن قبل تشدد کا نشانہ بناکرایک اور نوجوان خالدمظفر وانی کو ترال کے علاقے میں شہید کیاگیا۔
کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچے بھارتی مظالم سے بہت زیادہ متاثرہ ہوئے ہیں اور مقبوضہ وادی میں ہزاروں خواتین ایسی ہیں جو بھارتی جیلوں میں قید اپنے کسی بیٹے، بھائی یا خاوند کی منتظرہیں حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ گذشتہ دوعشروں میں بھارتی فورسزنے ان کشمیریوں کو اغوا کیا گیا یا حراست میں لیاگیا لیکن ان میں سے ایک بڑی تعداد کو ماورائے عدالت قتل کردیا گیااور ان کی لاشوں کو بے نام قبروں میں دفن کیاگیا۔ یہ صورتحال سارے مہذب دنیاکے لیے قابل تشویش ہے اورامن اور انسانیت سے محبت کرنے والے دنیاکے تمام لوگوں کے لیے ناقابل قبول ہے۔
