
امریکا (جیوڈیسک) نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ مشرق وسطی میں امن کی بحالی کے لئے جلد از جلد فلسطینیوں سے مذاکرات شروع کرے۔ امریکی صدر براک اوباما نے اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو سے ٹیلی فون پر بات چیت میں اسرائیل سے کہا کہ خطے کے امن واستحکام کے لئے فلسطین سے امن مذاکرات کا دوبارہ آغاز کرے۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لئے مشرق وسطی کے دورے پر ہیں اور اسرائیلی اور فلسطینی حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
تاہم امریکی وزارت خارجہ نے تسلیم کیا ہے کہ جان کیری کے حالیہ دورے کے دوران امن مذاکرات کی بحالی میں کامیابی کا امکان کم ہے۔ دوسری جانب اسرائیل سے امن مذاکرات شروع کرنے کے لئے فلسطین کے رہنماں کا اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ اسرائیل اور فلسطین میں امن مذاکرات دوبارہ شروع ہونے میں سب سے بڑی رکاوٹ غرب اردن میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر ہے۔
