
حیدر آباد (جیوڈیسک) سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے کا کہنا ہے کہ لیاری میں قیام امن کے لئے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں سے امن بات چیت کی جارہی ہے۔سی پی ایل سی چیف احمد چنائے حیدرآباد میں سی پی ایل سی حیدرآباد کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کی جانب سے کراچی میں بلوائے گئے اعلی سطحی اجلاس میں امن و امان کے حوالے سے مختلف تجاویز دی گئی ہیں۔ لیاری میں جرائم پیشہ افراد کی تعداد زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ کی حالیہ صورتحال پر حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے۔
قیام امن کے لئے بجٹ میں اضافہ اہم جز نہیں مضبوط پلاننگ کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جسٹس مقبول باقر حملہ کیس میں پیش رفت ہوئی ہے ،ان کی نقل و حرکت کی سی سی ٹی وی فٹیج حاصل کی گئی ہے جس کے ذریعے ملزمان تک جلد پہنچ جائیں گے۔
