
اسلام آباد (جیوڈیسک) مشرف کیخلاف غداری کے مقدمے کے ٹرائل کیلئے وزارت داخلہ نے وزارت قانون کو خط بھجوا دیا، وزارت قانون خصوصی عدالت کے قیام کیلیے سپریم کورٹ سے رابطہ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے وزارت قانون کو خط لکھا گیا ہے کہ حکومت تین نومبر کے اقدامات پر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانا چاہتی ہے۔
اس کے لیے انیس سو چھہتر کے ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت قائم کی جائے اور سپریم کورٹ آف پاکستان سے خصوصی عدالت کے جج صاحبان کے نام مانگے جائیں جس پر وزارت نے خط کا مسودہ تیار کر لیا ہے اور سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل چھ کے تحت مقدمہ چلانے کیلئے خصوصی عدالت قائم کی جا رہی ہے جس کے لیے تین جج صاحبان کے نام دیئے جائیں۔
وزارت قانون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کیخلاف غداری کا مقدمہ سننے کیلئے خصوصی عدالت اسلام آباد ہائیکورٹ میں قائم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے لیے عدالت عالیہ کو خط بھی لکھا جائے گا۔
وزارت قانون کے حکام کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کیخلاف غداری کا مقدمہ ماضی کے مقدمات کی طرح ان کے فارم ہاؤس میں نہیں سنا جائے گا۔
